News

مجلس نے ممبئی میونسپل انتخابات کی پہلی فہرست جاری کی

10:06 PM nehal sagheer 0 Comments

مجلس اتحاد المسلمین ممبئی کے صدر دفتر میں پریس کانفرنس  میں ممبئی میونسپل انتخاب کیلئے اپنے امیدواروں کی پہلی فہرست جاری کرتے ہوئے ۔تصویر:شہزاد منصوری



دو غیر مسلم بھی شامل ،بیشتر سیٹوں پر جیت حاصل کرنے اور پسماندہ علاقوں کی ترقی یقینی بنانے کا عزم 

ممبئی:مجلس اتحاد المسلمین نے آج یہاں ممبئی میونسپل انتخابات کے امیدواروں کی پہلی فہرست جاری کی ہے ۔ جس میں 18 امیدواروں کے ناموں کا اعلان کیا گیا ہیجس میں دو غیر مسلم امیدواربھی شامل ہیں ۔
پارٹی ممبئی صدر دفتر میں ممبئی شہر صدر شاکر پٹنی نے امیدواروں کے ناموں کا اعلان تلنگانہ سے خصوصی طور پر ممبئی آئے مجلس کے رکن اسمبلی احمد بلالہ اور ریاستی اسمبلی میں مجلس کے رکن وارث پٹھان کی موجودگی میں کیا ۔اس موقعہ پر اخبار نویسوں سے خطاب کرتے ہوئے مجلس کے قائدین نے کہا کہ ان کی پارٹی پورے شہر میں تقریباًپچاس سیٹوں پرقسمت آزمائی کرے گی اور انہیں توقع ہے کہ مجلس کے امیدواروں کو زیادہ تر حلقوں میں کامیابی حاصل ہو گی ۔رکن اسمبلی احمد بلالہ نے کہا کہ مجلس کے لیڈران اسد الدین و اکبر الدین اویسی نے ممبئی کے مسلمانوں سے وعدہ کیا تھا کہ اگر مجلس کے امیدواروں کو نمایاں کامیابی حاصل ہوئی تو ممبئی میونسپل کارپوریشن کے 37ہزار کروڑ کے بجٹ کی ایک خطیر رقم کو مسلم علاقوں میں خرچ کرنے پر مجبور کریں گے نیز یہی بات ان کے انتخابی منشور میں بھی شامل ہو گی جس کا جلد ہی اجرا کیا جائے گا ۔احمد بلالہ نے اخبار نویسوں کو مزید بتایا کہ کانگریس سمیت دیگر پارٹیوں کے لیڈران بھی ایم آئی ایم میں شامل ہورہے ہیں اور انہیں غیر مشروط طور پر پارٹی میں شامل کیا جائے گا ۔انہوں نے مزید کہا کہ دیگر سیاسی پارٹیوں سے مجلس میں شامل ہونے والے لیڈران کو میونسپل انتخابات میں ٹکٹ دینے کا حتمی فیصلہ پارٹی ہائی کمان ہی کرے گی۔جب ان سے یہ دریافت کیا گیا کہ گذشتہ بیس برسوں سے کانگریس کی خاتون میونسپل کاؤنسلر وقار النساء انصاری ایم آئی ایم میں شامل ہوئی ہیں تو انہوں نے اس بات سے انکار کیا اور کہا کہ دیگر سیاسی پارٹیوں سے تعلق رکھنے والے بیشتر لیڈران کی ایم آئی ایم میں آمد متوقع ہے اور جلد ہی یہ بات بھی ظاہر ہو جائے گی ۔اخباری نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے مجلس کے قائدین اس بات سے بھی انکار کیا کہ پارٹی میں کسی قسم کی کوئی بے چینی ہے ۔انہوں نے کہا کہ یہاں جو بھی آیا ہے یا آئندہ آئے گا اس کا صرف ایک ہی مقصد ہے عوام کی خدمت ۔مجلس کی پہچان ہی کا ہے ۔ہمارا کام ہی ہماری پہچان بنے گا ۔ایک اخباری نمائندے کے اس سوال پر کہ مجلس کا کسی پارٹی سے کوئی الائنس نہیں ہے پھر کیوں امیدواروں کی فہرست جاری کرنے میں تاخیر ہو رہی ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس امیدواروں کی درخواست زیادہ ہے جس میں سے ہمیں زیادہ بہتر امیدواروں کا انتخاب کرنا مقصود ہے ۔
اس موقعہ پر رکن اسمبلی وارث پٹھان نے اخبار نویسوں کو بتایا کہ پارٹی کی یہ پہلی فہرست ہے اور جلد ہی دوسری فہرست جاری کردی جائے گی جس میں دیگر ناموں کا اعلان کیا جائے گا ۔جن امیدواروں کے ناموں کا اعلان کیا گیا ہے اس میں ممبئی شہر سے چار امیدوارجبکہ مضافات سے تعلق رکھنے والے 14امیدوار بھی شامل ہیں ۔جن ناموں کا اعلان کیا گیا ہے وہ اس طرح ہیں ۔محمد شمیم اعظمی چارکوپ20 ،شاکر نصیرالدین شیخ ڈندوشی43 ،نسرین فہیم خان ڈندوشی44 ،شیخ فردوس عارف اندھیری66 ،شگفتہ حسین چودھری باندرہ87 ،ایڈووکیٹ عادل کھتری باندرہ96 ،گلناز قریشی باندرہ 92 ،شریف ابراہیم گوونڈی139 ، محمد عمران اکرم قریشی چاندیولی162 ،سجاتا رمیش بھالے راؤ سائین دھاراوی189 ،عمر اسد بائیکلہ 208 ،محمد عادل قریشی بائیکلہ211 ،حاجی نثار احمد چاند شیخ ممبا دیوی221 ،پشپا بلراج دھاراوی 188 ،جمال خان چاندیولی 164 ،نازمین سکندر خان ملاڈ مالونی 49 ،گل میناز بیگم دھاراوی سائین 187 ،اور متین نائیک بائیکلہ 209 ۔
اخبار ی کانفرنس میں ممبئی مجلس جنرل سیکریٹریز حاجی عبد الحمید شیخ،سید عابد اور آصف خان بھی موجود تھے۔

0 comments: