Muslim Issues
شرجیل امام : میرے وجود کا احترام کریں یا میری مزاحمت کی توقع کریں
نہال صغیر
جنوری کی پانچ تاریخ کو جے این یو میں نقاب پوش
بدمعاشوں کے ذریعہ تشدد اور دہلی پولس کی شرمناک خاموشی سے ناراض ممبئی اور
مہاراشٹر کے نوجوانوں اور طلبہ نے اسی رات گیٹ وے پر جمع ہونے کی اپیل کی وہ
جے این یو کے طلبہ کے ساتھ اظہار یکجہتی کرنا چاہتے تھے ۔ اسی احتجاج میں ایک لڑکی
جس کا نام مہک پربھو تھا فری کشمیر کا پوسٹر اٹھائے ہوئے نظر آئی ۔ یہ کسی کو نظر
آئے یا نہیں آئے مگر بی جے پی کیلئے یہ موقعہ غنیمت تھا چنانچہ سابق وزیر اعلیٰ
دیویندر فرنویس نے اپنے ٹوئٹر ہینڈل پر اس کی تصویر شیئر کرتے ہوئے مہاراشٹر کے
وزیر اعلیٰ سے سوال کیا کہ یہ کیا ہے ؟ اس کے بعد ہنگامہ آرائی شروع ہوئی اس پر
ایف آئی آر بھی درج ہوئی اور تفتیش شروع ہوگئی مگر اس سے پہلے ہی اس لڑکی نے
سوشل میڈیا پر بتایا کہ اس کے پیچھے اس کا مقصد کشمیر میں عوام کو ہورہی دشواری پر
احتجاج کرنا تھا جسے سب نے تسلیم کرلیا ۔یہ تصویر کا ایک رخ ہے دوسرا رخ
شرجیل امام پر ملک سے غداری کے مقدمہ کے بعد گرفتاری کا ہے ۔ واضح ہو کہ اس نوجوان
نے علی گڑھ میں احتجاج کے دوران یہ کہا تھا کہ احتجاج کو موثر بنانے کیلئے ہمیں
پورے ملک میں چکہ جام جیسی صورتحال پیدا کرنی ہوگی جس میں اس نے شمال مشرق کی
ریاست کو باقی ہندوستان سے کاٹ دینے یعنی رابطہ ایک لمبے عرصہ تک منقطع کرنے کی
بات کی تھی تاکہ حکومت مجبور ہو کر مسلمانوں کی بات سنے۔ اس تقریر میں جو کاٹ
دینے کی بات تھی اس کو علیحدگی پسندی سے تعبیر دی گئی اور اس کی یا اس کے والدین
کی جانب سے دی گئی وضاحت کو تسلیم نہیں کیا گیا ۔ وجہ بالکل صاف ہے کہ فری کشمیر
کا پوسٹر اٹھانے والی ہندو لڑکی تھی اس لئے وہ قابل معافی ہے یا قابل گرفت نہیں ہے
مگر شرجیل امام ایک اعلیٰ تعلیم یافتہ مسلمان ہے اس لئے اس کی جانب سے کسی وضاحت
کو تسلیم نہیں کرنے کا رجحان ہندوستان کی آزادی کے بعد سے ہی ہے ۔اس کے ثبوت کے
طور پرکشمیر کے معاملہ میں جواہر لال نہرو کی حکومت میں ہی شیخ عبد اللہ کی
گرفتاری کوپیش کیا جاسکتا ہے ۔ انتہا یہ ہے کہ شرجیل امام کی حمایت میں آزاد
میدان میں نعرہ لگانے والوں پر ایف آئی آر ہوجاتی ہے اور اس میں شامل ایک
طالبہ کی گرفتاری کیخلاف پولس کوشاں ہوجاتی ہے مگر وہ نظروں سے بچ کر ہائی
کورٹ سے ضمانت حاصل کرنے میں کامیاب ہوجاتی ہے ۔
کچھ دن قبل شرجیل امام کی حمایت میں کچھ
نوجوانوں کی جانب سے ٹوئٹر پر ٹرینڈ چلایا گیا جس میں شرجیل سے اظہار یکجہتی
اور اس کی رہائی کا مطالبہ شامل تھا۔ اس میں ایک ٹوئٹر پر شرجیل کی ایک تصویر نظر
آئی جس میں وہ ایک پوسٹر اٹھائے ہوئے ہے جس پر ہاتھ سے انگریزی میں ایک تحریرہے
جس کا اردوترجمہ ’’میرے وجود کا احترام کریں یا میری مزاحمت کی توقع کریں‘‘ہے ۔
بہت مختصر جملہ لیکن ہندوستانی مسلمانوں کے تناظر میں جامع ہے ۔ یہ آج کے ہر
مسلم نوجوان کی آواز ہے ۔ خواہ کسی سازش کے تحت اسے کچھ بھی سمجھ لیا جائے ۔
شرجیل کا شمال مشرق کی ریاستوں کو بقیہ ہندوستان سے کاٹ دینے کا مطلب مہک پربھو کے
فری کشمیر سے بالکل بھی مختلف نہیں ہے ۔ مگر اس کو کیا کیجئے کہ شرجیل امام ایک
آمادہ زوال قوم کا نوجوان ہے جو قوم کے حالات سے رنجیدہ ہے ۔ وہ جسقدر ہندوانتہا
پسندوں سے نالاں ہے اس سے کہیں زیادہ وہ نام نہاد سیکولر لبرل طبقہ سے بے اعتمادی
کا اظہار کرتاہے ۔ یہی سبب ہے کہ اس نے اسی تقریر میں یہ کہا کہ یہ لوگ اپنی
مارکیٹنگ کریں گے اور چلے جائیں گے ۔ ہمیں اپنی لڑائی خود ہی لڑنی ہوگی ۔
اجیت ساہی بھی نام نہاد سیکولر لبرل اور کمیونسٹوں کے خدشات کا جواب دیتے
ہوئے کہتے ہیں کہ ’اس ملک میں مسلمان ، مسلمان بن کر ہی رہے گا یہی اس کی
پہچان ہے‘۔ لیکن اس کا کیا کیا جائے کہ سیکولر لبرل اور کمیونسٹوں کا زور اس بات
پر ہے کہ مسلمان اس ملک کی تہذیب و ثقافت میں اپنی پہچان ختم کرلیں ۔ اسی لئے
ششی تھرور کو موجودہ احتجاج میں مسلم شناخت اور اسلامی نعرے شدت پسندی یا مذہبی
بنیاد پرستی نظر آتے ہیں ۔
ہمیں شرجیل امام کے معاملہ میں سیکولر اور لبرل
طبقہ سے شکایت ہے کہ اس نے شرجیل کو تنہا چھوڑ دیا ۔ مگر ہم نے کون سا اس کا
ساتھ دیا ؟ ہم نے آخر کیوں اس کا ساتھ نہیں دیا ؟ اس کے پیچھے محض خوف کی
نفسیات اور مجرم ضمیری کے سوا کیا ہے کہ اگر ہم نے اس کی حمایت میں کچھ بولا تو
ملک کے غدار ٹھہرائے جائیں گے اور مقدموں کا سامنا بھی کرنا پڑے گا ۔ مگر
سوال یہ بھی ہے کہ آخر آپ کب تک خود کو مشکلات سے بچا پائیں گے ؟ جب تک آپ پورے
طور سے یہاں کی تہذیب و ثقافت میں شامل ہو کر اپنی شناخت ختم نہ کرلیں ۔شرجیل
امام کا مسئلہ یہ ہے کہ اکیسویں صدی کا وہ بیدار مسلم نوجوان ہے جو اپنی
شناخت سے کوئی سمجھوتہ نہیں کرنا چاہتا اور چاہتا ہے کہ اس کی قوم بھی ایک غیور
قوم کی طرح ہندوستان میں سر اٹھاکے رہے ۔ شرجیل کے سامنے اس کے قوم کی شاندار
روایتیں ہیں جسے قوم اور قوم کے جبہ و دستار سے سجی قیادت بھلا چکی ہے ۔ شرجیل کے
سامنے اسلام کی وہ اعلیٰ و ارفع تعلیمات ہیں جو حقوق انسانی کی پوری ضمانت دیتا ہے
۔ وہ اس اسلام کو مانتا ہے جس نے موجودہ دنیا کو حقوق انسانی اور انسانی
قدریں کیا ہوتی ہیں اس سے روسناش کرایا جبکہ شرجیل امام پر تنقید کرنے والے
افراد کا یہ نظریہ کمزور ہو چکاہے ۔
ہمیں سازشوں کی باتیں اتنی بتائی گئی
ہیں کہ ہم زمینی حقائق اور فطری جذبہ کو بھی دشمن کی سازش قرار دینے لگے
ہیں ۔ بعض افراد کا ماننا ہے کہ شرجیل امام کا موجودہ تحریک کے دوران اس قسم
کی تقریر کرنا دراصل ایک سازش ہے اور اسے دشمن نے ہمارے درمیان پلانٹ کیا ہے ۔
یقین جانئے یہ صرف خوف کی انتہا ہے جس کا اظہار ہماری زبان سے اس انداز سے ہوتا ہے
۔ شرجیل کا یہ جملہ ’’میرے وجود کا احترام کریں یا میری مزاحمت کی توقع
کریں‘‘وضاحت کیلئے کافی ہے ۔ آزاد ہندوستان کی تاریخ میں مسلمانوں کے ساتھ
کیا نہیں ہوا اور اس کے جواب میں مسلمانوں نے صبر کے سوا کیا کیا
۔اس کے صبر کی انتہا تو سپریم کورٹ کے ذریعہ اس کی مسجد کو مندر کے حوالہ
کرنے کے فیصلہ پر اشتعال میں نہیں آنا ہے ۔مگر جب اس کی شہریت کو ختم کرنے کا
منصوبہ سامنے آیا تو وہ بے چین ہوگیا ۔دنیا میں کون ہے جو بے زمین ہونے کی کیفیت
کا احساس کرکے بے چین نہیں ہوگا۔حکومت کے اس منصوبہ کیخلاف بھی
مسلمانوں کو ہی میدان میں آنا پڑا اور پھر حالات کی نزاکت کو دیکھتے ہوئے اس
کے گھر کی زینت اور صنف نازک کو بھی باہر آکر موسم کی سختی اور متعصب دنیا کی
بدزبانی کو سہنا پڑا ۔ اس سے ہمدردی اور بڑی بڑی باتیں تو بہت کی گئیں مگر میدان
میں صرف مسلمانوں کو ہی نکلنا پڑا اور بیس سے زیادہ جانوں کا نذرانہ بھی پیش
کرنا پڑا ۔ آج بھی حالات یہ ہے کہ میدان میں وہی نظر آرہا ہے ۔ ٹھیک ہی کہا تھا
شرجیل نے کہ مسلمانوں کو ان کی جنگ خود ہی لڑنی ہوگی ۔شرجیل امام کے تعلق سے
ابھی مزید کئی باتیں عرض کرنا باقی ہیں جو آئندہ کسی مضمون میں پیش کی جائے گی۔
یہاں سیکولر اور لبرل طبقہ کی ایک مثال دے کر اپنی بات ختم کرتا ہوں ۔ بہار کے سید
شہاب الدین برسوں سے جیل میں ہیں تقریبا دو سال قبل انہیں سپریم کورٹ سے
ضمانت ملی تو پرشانت بھوشن جو کہ ایک سیکولر شخص مانے جاتے ہیں نے سپریم
کورٹ میں مداخلت کرکے سید شہاب الدین کی ضمانت منسوخ کرواکر انہیں دوبارہ جیل
بھجوادیا ۔ مگر یہی پرشانت بھوشن اس وقت خاموش رہے جب دہشت گردی کے بدترین الزام
کے باوجود سادھوی پرگیہ ٹھاکر کو ضمانت مل جاتی ہےاور وہ رہا بھی ہوجاتی ہے ۔ہم
نہیں کہتے کہ سیکولر یا روادار طبقہ کو ساتھ نہ لیا جائے یا ان کے ساتھ نہ جایا
جائے ۔ صرف اتنا کیا جائے کہ ان پر پوری طرح سےتکیہ نہ کیا جائے ، ہمیں اپنی
لڑائی خود لڑنی ہے اور اسی تناظر میں لائحہ عمل ترتیب دیا جائے اور پالیسی بنائی
جائے ۔ایک صدی قبل خلافت تحریک کو گاندھی جی کے کاندھوں پر ڈال کر جو نقصان
ہم کو ہو چکا ہے اس کا اعادہ نہ ہو۔
0 comments: