Politics

ممبئی کیلئے مجلس کے۴۰؍ پروگرام

9:56 PM nehal sagheer 0 Comments

 
ممبئی:آل انڈیامجلس اتحادالمسلمین کے صدربیرسٹراسدالدین اویسی صاحب کی ہدایت کے مطابق آج ممبئی میں ان کے چھوٹے بھائی،آندھراپردیش اسمبلی کے فلورلیڈراورمجلس کےکمپینرجناب اکبرالدین اویسی صاحب نے ممبئی میونسپل کارپوریشن کے الیکشن کے تناظرمیں آج پارٹی کے ۴۰نکات جاری کیے ہیں ۔اس موقع پرحیدرآبادسے پارٹی کے ایم ایل اے احمدبلعلہ،بائیکلہ کے ایم ایل اے وارث پٹھان اورپارٹی کے ممبئی صدرجناب شاکرپٹنی صاحب موجودتھے۔

1 . قدیم ممبئی یعنی City Island کی ہمہ جہت ترقی اور شہریوں کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی کیلئے علیٰحدہ اربن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کے قیام کا مطالبہ کیا جائے گا۔ مجلس چاہتی ہے کہ اصل ممبئی کی عظمت رفتہ کو بحال کیا جائے اور قدیم شہر کے ہیرٹیج کی حفاظت ہو۔

2 . شہر میں کچرہ کی نکاسی اور صفائی کے انتظامات کو موثر بنانے پر زور دیا جائے گا۔ کچرہ کے ماڈرن ٹرانسفر اسٹیشنس اور ڈمپنگ یارڈس شہر سے دور قائم کرنے کا حکومت سے مطالبہ کیا جائے گا۔ شہری علاقوں میں کچرہ جمع کرنے کی مخالفت کی جائے گی۔ دیونار میں جو ڈمپنگ یارڈ ہے اس کی منتقلی کے لئے جدوجہد کی جائے گی۔

3 . شہر میں روزانہ پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے حکومت کو تجاویز دی جائیں گی اور جو زیر التواء آبی پراجکٹس ہیں ان کی تکمیل کے لئے اسمبلی اور بلدیہ کے اجلاس میں مسلسل آواز اٹھائی جائے گی۔ فنڈس رہنے کے باوجود آبی پراجکٹس کی گزشتہ 2 دہوں سے تکمیل نہیں کی گئی ہے۔

4 . 24 گھنٹے برقی سربراہی میں جو حائل تکنیکی رکاوٹیں ہیں ان کو دور کرنے کے لئے ایک لائحہ عمل بنانے پر عہدیداروں کو مجبور کیا جائے گا۔ جہاں بھی ضرورت ہے وہاں پر نئے برقی سب اسٹیشنس کے قیام کے لئے حکومت سے نمائندگی کی جائے گی۔ رہائشی مکانات پر جو برقی تاریں ہیں اس کی منتقلی کا مطالبہ کیا جائے گا۔

5 . بی ایم سی کے تحت چلائے جانے والے اسکولس میں روزگار سے مربوط اسکل ڈیولپمنٹ‘ پروفیشنل ڈیولپمنٹ اور ووکیشنل کورسس کی تربیت کا انتظام کرانے کا مطالبہ کیا جائے گا۔ مجلس کے کارپوریٹر جب منتخب ہوں گے تو وہ حکومت کو اس کے لئے مجبور کریں گے۔

6. بی ایم سی کے بجٹ میں 20 فیصد حصہ تعلیم اور روزگار پر مختص کرنے کا مطالبہ کیا جائے گا تاکہ سرکاری اسکولس میں انفراسٹرکچر کو بہتر بنایا جاسکے اور ممبئی میں نوجوانوں کی بڑی تعداد روزگار سے محروم ہے‘ انہیں روزگار مہیا کیا جاسکے۔

7 . سرکاری ملازمتوں بالخصوص بی ایم سی کے مختلف شعبوں اور محکمہ پولیس میں زیادہ سے زیادہ کمزور طبقات خاص طور پر مسلم نوجوانوں کی بھرتی کو یقینی بنایا جائے گا۔ حیدرآباد میں جس طرح مسلم نوجوانوں کے لئے فزیکل فٹنس اور تحریری امتحانات کی تربیتی کلاسس منعقد کروائی گئیں اسی طرح مجلس کی طرف سے ممبئی میں بھی اس طرح کے پروگرام پر عمل کیا جائے گا۔

8 . بی ایم سی کے ہائی اسکولس میں زیر تعلیم تمام میڈیمس کے طلبہ کو لیاپ ٹاپ فراہم کرنے کی اسکیم متعارف کرنے کا مطالبہ کیا جائے گا۔ پہلے سال 50 کروڑ روپئے خرچ آئے گا۔ ہر سال 10 کروڑ روپئے رقم اس پر خرچ ہوگی۔

9 . مجلس اتحاد المسلمین شہر میں تہذیبی اور ادبی پروگراموں کے لئے ایک مراٹھی بھون کے ساتھ اردو بھون کی تعمیر کی بھی نہ صرف تجویز پیش کرے گی بلکہ دونوں زبانوں کی ترقی اور فروغ کے لئے عملی اقدامات کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔


10 . اولڈ ممبئی اور سب اب ممبئی شہروں کی ترقی کے لئے زیادہ سے زیادہ فنڈس مرکزی اور ریاستی حکومت سے الاٹ کرنے کا مطالبہ کیا جائے گا۔ اسمارٹ سٹی پراجکٹ کے تحت فنڈس کی فراہمی کیلئے تمام فورمس میں مجلس کی جانب سے آواز اٹھائی جائے گی۔

11 . پراپرٹی ٹیکس میں کسی بھی قسم کے اضافہ کی مخالفت کی جائے گی۔ جائیدادوں کا دوبارہ سروے کرنے کا مطالبہ پیش کیا جائے گا۔ عمارتوں کی تعمیر کی اجازت لینے کا جو طریقہ کار ہے اس کو آسان اور سہل بنانے کی تجویز پیش کی جائے گی۔

12 . جی ایس ٹی متعارف ہونے کے بعد بی ایم سی تقریباً 7 ہزار کروڑ روپئے OCTROI ٹیکس سے محروم ہوجائے گا۔ مجلس ‘ حکومت سے مطالبہ کرے گی کہ اس کی بھرپائی کے لئے ریاستی حکومت ہر سال 5 ہزار کروڑ روپئے کا خصوصی پیاکیج بی ایم سی کو فراہم کرے۔

13 . پرانی بلڈنگس کے ری ڈیولپمنٹ کے لئے جو سیس لیا جارہا ہے اس میں کمی کا مطالبہ کیا جائے گا۔ سب اب علاقوں میں 10 ہزار پرانی بلڈنگ کے ری ڈیولپمنٹ کے لئے جو اسکیم متعار ف کی جارہی ہے اس کا خیر مقدم کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا جائے گا کہ ری ڈیولپمنٹ کے لئے کم از کم سیس لیا جائے اور عوام کو راحت دی جائے۔

14 . اربن ٹاؤن پلاننگ کے شعبہ میں جو کرپشن ہے اس کو ختم کرنے کے لئے ایک لائحہ عمل پیش کیا جائے گا تاکہ شہریوں کو اس سے نجات حاصل ہوسکے۔ عمارتوں کی تعمیر اور اس کے ڈیولپمنٹ سے متعلق ایک شفاف پالیسی بنانے پر زور دیا جائے گا۔

15 . موجودہ نالوں کی صفائی اور ان کی توسیع سے متعلق منصوبہ پر سالوں سے عمل نہیں ہوا ہے۔ 200 کیلو میٹر طویل نالوں کی صفائی کے لئے ایک موثر اور قابل عمل پروگرام بنایا جائے گا۔

16 . مجلس شہر میں بارش کے پانی کی نکاسی کے نظام کو موثر بنائے گی۔ حیدرآباد کی طرح قدیم ممبئی میں بارش کے پانی کی وجہ سے جو مسائل پیش آتے ہیں ان سے نمٹا جائے گا۔ حکومت سے مطالبہ کیا جائے گا کہ وہ اسٹوم واٹر ڈرین پر خصوصی توجہ دے اور اس کے لئے فنڈس بھی فراہم کرے۔

17 . اولڈ ممبئی میں ایک نائٹ بازار قائم کرنے کا مطالبہ کیا جائے گا تاکہ چھوٹے تاجروں کا تحفظ ہوسکے اور سیاحت کو بھی فروغ حاصل ہو اور شہر آنے والے سیاح ممبئی کی قدیم روایت اور یہاں کی غذاؤں سے بھی لطف اندوز ہوسکیں۔

18 . مجلس اتحاد المسلمین‘ ممبئی کے دیڑھ لاکھ سے زائد ہاکرس کے مفادات کا تحفظ کرے گی اور حکومت پر زور دیا جائے گا کہ وہ ان لکچدار اور واضح ہاکر پالیسی بنائیں۔ تمام ہاکرس کو لائسنس اور شناختی کار ڈ بھی جاری کئے جائیں۔

19 . شہر میں سڑکوں کی تعمیر و ترقی سے متعلق ایک اسٹریجٹک روڈ ڈیولپمنٹ پلان پیش کیا جائے گا۔ جہاں ضروری ہے وہاں فلائی اوورس کی تعمیر کی تجویز پیش کی جائے گی اور حکومت پر زور دیا جائے گا کہ وہ Multi Layer فلائی اوورس اور اسکائی ویز تعمیر کرے۔

20 . جنکشن امپرومنٹ‘ فٹ پاتھ امپرومنٹ کے لئے ایک نئی پالیسی منظور کرانے کی کوشش کی جائے گی تاکہ پیدل چلنے والوں کے ساتھ ساتھ ہاکرس کے مفادات کا بھی تحفظ ہو۔

21 . پبلک ٹرانسپورٹ نظام کو مستحکم بنایا جائے گا۔ ریلوے کے اشتراک سے تمام ریلوے اسٹیشنس کے پاس صفائی کا نظام بہتر کیا جائے گا۔ بس سرویس میں اصلاحات لائی جائیں گی۔ ماڈرن بس شیلٹرس کی تنصیب کے لئے نمائندگی کی جائے گی۔

22 . صحت عامہ کو بہتر بنانے کے لئے خصوصی اقدامات کئے جائیں گے۔ محکمہ صحت کے بجٹ میں اضافہ کا مطالبہ کیا جائے گا۔ شہر کے تمام ہاسپٹلس بالخصوص ٹی بی ہاسپٹل کو ماڈرن بنانے کے سلسلہ میں پیشرفت کی جائے گی۔

23 . مچھروں کی بہتات کو کم کرنے کے لئے فاگنگ آپریشن اور دواؤں کا چھڑکاؤ باقاعدہ بنانے کے اقدامات کئے جائیں گے تاکہ مچھروں کی افزائش میں کمی ہو اور وبائی امراض سے عوام کا جانی نقصان نہ ہوبالخصوص بارش کے موسم اور اس کے بعد چوکسی اختیار کرنے پر زور دیا جائے گا

24 . شہر میں اسٹریٹ لائٹ کو بہتر بنانے کی پوری کوشش کی جائے گی۔ ایل ای ڈی لائٹ لگانے کی تجویز دی جائے گی تاکہ برقی بچت ہوسکے اور ماڈرن لائٹنگ سے روشنی بھی زیادہ آئے۔ راہگیروں اور ٹریفک کے لئے اس سے آسانی ہوگی۔

25 . شہر کے سلم علاقوں کی جامع ترقی کے لئے ایک منفرد اور بہتر سلم ڈیولپمنٹ پلان مجلس حکومت کے سامنے رکھی گی تاکہ سلم علاقوں میں رہنے والی شہر کی 60 فیصد سے زائد آبادی کو بنیادی سہولتیں میسر ہوں اور ان کے مسائل کی یکسوئی ہوسکے۔

26 . سلم علاقوں میں منرل واٹر پلانٹ لگانے بی ایم سی پر زور دیا جائے گا اور یہ مطالبہ کیا جائے گا کہ ایک روپیہ میں فی خاندان کو 10 لیٹر منرل واٹر پینے کے لئے فراہم کیا جائے۔ حیدرآباد کے کئی علاقوں میں اس اسکیم پر کامیابی کے ساتھ عمل کیا جارہا ہے۔

27 . 5 روپئے میں ناشتہ اور لنچ غریبوں‘ مزدوروں کو فراہم کرنے کے مراکز لگانے کی اسکیم کو متعارف کرنے کے لئے اقدامات کئے جائیں گے۔ حکومت کو تجویز پیش کی جائے گی وہ بی ایم سی کے بجٹ سے سبسیڈی فراہم کرے اور روزانہ ہزاروں غریب افراد کو کھانا کھلایا جائے۔ اس اسکیم کے لئے 100 کروڑ روپئے بجٹ میں مختص کرنے کا مطالبہ کیا جائے گا۔

28 . 1500 ماڈرن ٹائلٹس ممبئی اور سب اب ممبئی کے مختلف علاقوں میں لگانے کا مطالبہ کیا جائے گا تاکہ عوامی مقامات پر عوام کو ضروریات سے فارغ ہونے کی سہولت رہے اور شہر کو صاف اور کھلے عام رفع حاجت سے پاک بنانے میں مدد مل سکے۔

29 . بی ایم سی کی جانب سے خواتین کے لئے نائٹ شیلٹر قائم کرنے کا مطالبہ کیا جائے گا۔ اربن کمیونٹی ڈیولپمنٹ کے نام سے خواتین کی بہبود کے لئے اسکیمات شروع کرنے کا بھی مطالبہ کیا جائے گا۔

30 . شہریوں کی حفاظت کے لئے سی سی ٹی وی کیمرے لگانے کی جو اسکیم ہے وہ قابل تعریف ہے۔ مجلس یہ بھی مطالبہ کرے گی کہ بی ایم سی کے تمام عہدیداروں کے دفتراور شہر کے پورے پولیس اسٹیشنس میں بھی سی سی ٹی وی کیمرے لگائے جائیں ۔

31 . شہر میں جتنے بھی بلدیہ کے مارکٹس ہیں ان کو ماڈرن بنانے کی تجویز پیش کی جائے گی اور جہاں بھی جگہ دستیاب ہے وہاں پر نئے بازار اور مارکٹس قائم کروائے جائیں گے۔

32 . بی ایم سی کے حدود میں جتنے بھی سلاٹر ہاوز ہیں انہیں ماڈرن بنانے کے لئے فنڈس حاصل کئے جائیں گے جس طرح حیدرآباد میں ماڈرن سلاٹر ہاوز تعمیر کروائے گئے ہیں اسی طرح ممبئی میں بھی اس طرح کا سلاٹر ہاوز کے قیام پر زور دیا جائے گا۔

33 . کمزور طبقات بالخصوص سطح غربت سے نیچے زندگی گزارنے والے بے گھر مسلم خاندانوں کے لئے خصوصی ہاوزنگ اسکیم متعارف کرانے کے لئے پرزور نمائندگی کی جائے گی تاکہ 70 فیصد سلم علاقوں میں رہنے والے مسلمانوں اور دلتوں کو چھت فراہم کی جاسکے۔

34مجلس شہرکے مناسب مقامات پرجہاں پارکنگ کے لیے جگہ دستیاب ہوگی، وہاں پارکنگ شیڈبنائے گی ۔

35مجلس مطالبہ کرے گی کہ بی ایم سی حلقے میں مسلمانوں کے لیے قبرستان کی جگہ مختص کی جائے ۔

36مجلس اردواوردیگرزبانوں کے طلبہ کے لیے سول سروسزکوچنگ اکیڈمی بنائے گی ۔

37جونوجوان منشیات کی لعنت میں گرفتارہیں ،مجلس ان میں بیداری کے لیے مہم چلائے گی اورایسے منشیات کے عادی جوانوں کواس لعنت سے چھٹکارہ دلانے کے لیے مراکزقائم کرے گی ۔

38ممبئی اورمہاراشٹرمیں حکومت ،ممبئی میونسپل کارپوریشن اورکچھ لوگوں کے ذریعے کیے گئے وقف کی جائیدادپرناجائزقبضے کے خلاف مجلس ایک زبردست مہم چلائے گی اور مطالبہ کرے گی کہ اس کے خلاف سی بی آئی انکوائری بٹھائی جائے۔

39ممبئی کے غریب شہریوں کے لیے فری بجلی اورپانی فراہمی کے لیے مجلس کام کرے گی ۔

40ممبئی میونسپل کارپوریشن اورحکومت کے دیگراداروں کے درمیان بہترین تال میل پیداکرنے کےلیے بھی مجلس کوشش کرے گی ۔

0 comments: