News,

آپ ان کومنتخب کریں جو آپ کے حقو ق کیلئے ایوان میں آواز بلند کریں

10:33 PM nehal sagheer 0 Comments

مجلس اتحاد المسلمین کے لیڈر اکبر الدین اویسی مجمع عام سے خطاب کرتے ہوئے (تصویر:شہزاد منصوری)


اکبر الدین اویسی نے آج ناگپاڑہ میں مجمع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم آپ کیلئے ایوان میں آواز بلند کریں گے اگر آپ ہم پر اعتماد کرتے ہوئے ہمارے نمائندوں کو منتخب کرتے ہیں

ممبئی :ممبئی بلدیاتی انتخاب کی تشہیری مہم اپنے اختتام پر ہے ۔آج اکبر الدین اویسی نے انتخابی تشہیری مہم کی آخری تقریر کرتے ہوئے ناگپاڑہ جنکشن میں پر ہجوم اجلاس میں کہا کہ ہمارے منصوبے اس وقت کامیاب ہو سکتے ہیں جب ووٹ کے ذریعے آپ ہمیں موقعہ دیں ۔انہوں نے عوام کو بیدار کرتے ہوئے کہا کہ آزادی کے بعد سے متعدد انتخابات آئے متعددحکومتیں بنیں ۔کئی لیڈر آئے اور گئے ۔ملک نے کافی ترقی بھی کی لیکن نہیں بدلی تو ہم مسلمانوں کی قسمت ۔مسلمان پہلے کی بنست اور زیادہ مفلوک الحالی کا شکار ہوا ۔یہاں ہم آپ کے سامنے آئے ہیں کہ دستوری اور جمہوری طور پر قوم کے لئے آواز اٹھائیں اور آپ کی زندگی میں تبدیلی لائیں۔اس میں ہماری ذاتی کوئی غرض نہیں ۔مجلس کی اپنی تاریخ ہے ۔انہوں نے آج ایک بار مسلمانوں کو سیاسی طور پر خود انحصار ہونے کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ مجلس آپ کو متحد اور مرکز سیاسی پر جمع کرنے کیلئے آئی ہے آپ اس کی قوت بنیں ۔ہمارے سامنے صرف سیاست نہیں ہے بلکہ سیاست کے لئے ذریعہ قوم کی خدمت کرنا ہے۔انہوں نے مجلس اتحاد المسلمین کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا ہم نے پہلے معیشت اور تعلیم کے میدان میں کام کیا ۔مجلس صرف جذباتی نعرہ بلند کرنے والی جماعت نہیں ہیں ہم کام کرتے ہیں ۔عملی اقدام اٹھاتے ہیں ۔انہوں نے مسلمانوں کی سیاسی بے وزنی پر آج ایک بار بار پھر رائے کرتے ہوئے کہا کہ ہماری آواز سیاست کے اس شور میں کہیں نہیں ہے مجلس اسی آواز کو برپا کرنے آئی ہے ۔ہماری کوششوں کے پیچھے نا انصافی کی طویل داستان ہے۔زندگی کے ہر شعبہ میں ہمیں محروم رکھا گیا خواہ وہ تعلیم ہو معیشت ہو یا سیاست ہو ۔ہم نے آزادی کے بعد سب کا ساتھ دیا لیکن ہماری پسماندگی دور کرنے کیلئے کوئی آگے نہیں آیا ۔ناانصافیوں اور محرومیوں کے بعد ہمیں کچھ ملا تو کمیٹیاں اور کمیشنوں کا لامتناہی سلسلہ جس کی سفارشات کو کبھی نافذ نہیں کیا گیا ۔ستر برس کو جانے دیجئے میں پندرہ سال کے این سی پی کانگریس کی حکومت کا حساب مانگنے آیا ہوں ۔فرقہ پرستوں کا خوف دکھا کر یہ ہمارا ووٹ لیتے رہے لیکن انہوں نے ہمارے ساتھ انصاف نہیں کیا ہمارا حق ہمیں نہیں دیا ۔جب تک آپ کے پاس کوئی متبادل نہیں تھا اس وقت تک آپ بھی انہیں ووٹ دیتے رہے لیکن اب آپ کے سامنے مجلس کی صورت میں ایک بہترین سیاسی متبادل موجود ہے ۔اکبر الدین اویسی نے آج بھی سیکولر سیاسی جماعتوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جب ہم مسلمانوں کی سیاسی بے وزنی ختم کرنے اور سیاسی خود انحصاری کی بات کرتے ہیں تو یہ بات انہیں بری لگ رہی ہے لیکن ان کا دور گزر چکا ہے ۔انہوں این سی پی کانریس کی حکومت پر اوقافی جائداد کے خرد برد کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ستر اوقافی جائدادوں پر ریاستی حکومت قابض ہے ۔کئی روز سے وہ اپنے انتخابی اجلاس میں رائے گڑھ میں کانگریس اور شیو سینا اتحاد پر کہا کہ اگر اکبر الدین اویسی کی تصویر اودھ ٹھاکرے سے ہاتھ ملاتے ہوئے آجاتی تو آج ہر جانب ہنگامہ برپا ہوتا ۔کہا جاتا ہم فرقہ پرستوں سے مل گئے ہیں ۔اکبر الدین نے کرشنا کمیشن کا نفاذ نہیں کرنے کیلئے بھی کانگریس اور راشٹر وادی کانگریس پر تنقیدکیا ۔انہوں نے ایک بار پھر بابری مسجد کی شہادت اور اس کے بعد کے حالات پر عوام سے کہا کہ میں آپ کو بابری مسجد کی شہادت اور اس کے بعد کے فسادات کی یاد دلانا چاہتا ہوں ۔انہوں نے کہا اپنے حقوق کی بازیابی کیلئے زبانی جمع خرچ سے کچھ نہیں ہوگا بلکہ عملی جد و جہد سے مسائل حل ہوں گے ۔خود کو بدلیں گے اپنی سوچ بدلیں گے تب ہی قوم کی تقدیر بدلے گی ۔آپ آج اگر مرکز سیاسی پر جمع نہیں ہوں گے تو ہمارا وقار قائم نہیں رہے گا۔انہوں نے اتحاد کی تلقین کرتے ہوئے انتشار ختم کرو ،یہ دیوبندی ،بریلوی کے جھگڑے بند کرو دشمن جب آ پ کو نقصان پہنچانے پر کمربستہ ہوتا ہے تو وہ صرف یہ دیکھتا ہے کہ آپ مسلمان ہیں ۔اس لئے براہ کرم میرے بھائیو اب بھی ان جھگڑوں کو ختم کردو۔انہوں مسلمانوں سے کہا کہ ہم اگر کچھ اور جذباتی تقریریں کریں گے تو آپ نعروں سے ہمارا حوصلہ بڑھائیں گے اس سے آگے بڑھ کر آپ سڑکوں پر نکل آئیں گے اور وہاں پولس کی بے چین گولیاں ہمارا استقبال کریں گی ۔اس لئے میں ایک بار پھر آپ سے اپیل کرتا ہوں کہ ایوان میں اپنے وہ نمائندے بھیجیں جو آپ کیلئے آواز بلند کریں حکومت سے لڑ کر آ پ کو آ پ کا حق دلائیں ۔اگر دس بیس بیباک نمائندے ایوان میں پہنچ گئے تو آ پ کے حقوق پر کوئی اس طرح ڈاکہ نہیں ڈلے گا جیسا کہ آزادی کے بعد اب تک آپ کی حالت رہی ہے۔انہوں نے پر جوش انداز میں کہا تمہاری عزت ہمارا وقار ہے ۔ہم تمہاری عزت و وقار کیلئے جد و جہد کررہے ہیں ۔اسی لئے میں تمہارے سامنے آیا ہوں کیوں تمہاری عزت ،وقار اور حقوق کا معاملہ ہے ۔ہماری پہچان آپ کا اعتماد ،آپ کی عزت آپ کا وقار ہے ۔انہوں نے کہاکہ ارپورٹ کے مطابق دیویندرفڑ نویس اور بی جے پی کے اجلاس میں خالی کرسیاں سامعین کو ترستی ہیں لیکن اس کے برعکس ہمیں سننے کیلئے آپ کی آمد اس بات کا ثبوت ہے کہ آپ ہم پر اعتماد کرتے ہیں ۔یہ آپ کا پر جوش انداز اس بات کو بتانے کیلئے کافی ہے کہ اب ممبئی اور مہاراشٹر میں گیروے جھنڈے کے ساتھ ہرا جھنڈا بھی لہرائے گا ۔ بیف بین پر ایک بار پھر تنقید کرتے ہوئے کہا اندرون ملک بیف بین اس لئے ہوا کیوں کہ اس کاروبار میں ہمارے غریب مسلمان اور دلت ہیں لیکن گوشت کا ایکسپورٹ اس لئے جاری ہے کیوں کہ اس میں بڑے بڑے جین مارواڑی ملوث ہیں اور انہی کے چندے سے بی جے پی کا پارٹی کا کاروبار چل رہا ہے ۔
اجلاس سے بائیکلہ حلقہ سے مجلس کے ایم ایل اے وارث پٹھان نے ناگپاڑہ جنکشن پر عوام سے خطاب میں کہا کہ میں آپ کا نیا نیا ایم ایل آیا ہوں ۔اس دوران میں نے آپ کے کئی کام کئے ۔ہم نے اسمبلی میں آپ کی آواز بلند کی ۔ہم نے وقف کی جائداد کی بازیابی کیلئے آواز بلند کی ۔پرانی اور مخدوش عمارتوں کا کام کروایا باقی کا کام بھی اس بارش سے قبل ہوگا ۔پھر بھی ہم سے کچھ کوتاہیاں ہوئی ہوں گی لیکن اس کے لئے مجلس ذمہ دار نہیں ہے ۔آپ مجلس کو مضبوط کریں ۔اس سے آپ کی آواز میں قوت پیدا ہو گی ۔وارث پٹھان نے کہا کہ آپ اس بار بلدیاتی انتخاب میں مجلس کے حق میں ووٹ دیں اور دشمن کی سازش کو ناکام کریں ۔انہوں نے سماج وادی کو اپنی سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اب تک کیا کام کیا ہے ۔اسمبلی میں بھارت ماتا کے معاملہ سماج وادی سمیت کانگریس کے مسلم لیڈر دشمن کی صفوں میں نظر آئے ۔

0 comments: