Books

گجرات فائلس :پس پردہ حقائق کا انکشاف

9:43 PM nehal sagheer 0 Comments




نہال صغیر
مصنفہ :رعنا ایوب ۔ترجمہ محمد ضیاء اللہ ندوی
ہندوستانی صحافت میں تہلکہ نے جو سنگ میل طے کیا ہے وہ اب تک کسی کے حصہ میں نہیں آیا ،رعنا ایوب بھی اسی سے وابستہ ایڈیٹر رہ چکی ہیں ۔زیر نظر کتاب’ گجرات فائلس ،پس پردہ حقائق کا انکشاف ‘میں انہی واقعات کو پیش کیا گیا ہے جو ہر حالات سے با خبرانسان واقف ہے ۔یہ کتاب اس سے مستثنیٰ صرف ان معنوں میں ہے کہ ان حالات اور واقعات میں سے بھی جو حقائق عام میڈیا میں نہیں آپائے تھے وہ یہاں پیش کئے گئے ہیں ۔کتاب پہلے انگریزی میں آئی تھی اور اب اسے اردو میں پیش کرنے کا قابل فخر کارنامہ ’مضامین ڈاٹ کام ‘ اور ان کی ٹیم نے انجام دیا ہے ۔کتاب کی تقریظ جسٹس بی این سری کرشنا نے لکھی ہے۔وہ شروع میں ہی سنسکرت کے ایک اشلوک سے اس کی شروعات کرتے ہیں جس کا اردو ترجمہ بھی پیش کیا گیا ہے ۔اردو ترجمہ ہے ’’حقیقت کا چہرہ طلائی مکھوٹے میں چھپادیا گیا ہے ،اے پوشان ،اٹھو اور سچے دھرم کی خاطر اس کی نقاب کشائی کرو‘‘ ۔یہاں اس کتاب میں پوشان کا کردار رعنا ایوب نے ادا کرتے ہوئے گجرات کے بعض پس پردہ حقائق جن پر سیاسی قوت نے اپنے ظلم و جبر کی دبیر چادر ڈال رکھی تھی ، اسے بے نقاب کرنے کا جوکھم بھرا کارنامہ انجام دیا ۔کتاب پڑھ کر جہاں آپکے پسینے چھوٹ جائیں گے کہ اب آگے کیا ہوگا ؟وہیں ایسے مواقع بھی آتے ہیں جب آپ مسکرائے بنا نہیں رہ سکتے مثال کے طور پر رعنا اس کتاب کے صفحہ 78 پر خاتون پولس اہلکار کے ساتھ فلم دیکھنے جاتی ہیں فلم کی نمائش کے شروع میں ہی خاتوں پولس اہلکار نے جو کچھ کہا وہ کافی دلچسپ ہے وہ لکھتی ہیں ’’ فلم نے تہلکہ کے ذریعہ کئے گئے کام کا اعتراف کیا تو اوشا نے چپکے سے مجھ سے کہا ،تم نے تہلکہ کے بارے میں سنا ہے ۔یہ بد معاشوں کی ایک ٹولی ہے ۔اپنے فون میں کیمرہ لگا کر یہ لوگ ادھر ادھر گھومتے پھرتے ہیں اور خفیہ طریقے سے لوگوں کی تفتیش کرتے ہیں ۔ انہوں نے گجرات میں ہمارے لوگوں کی بھی خفیہ تفتیش کی تھی ۔اپنے بھولپن کو مزید بڑھانے کی کوشش کرتے ہوئے میں نے پوچھا :’تہلکہ ‘ کیا ہے ؟کوئی ٹی وی چینل ہے ؟نہیں ،نہیں ۔یہ ایک ویب سائٹ ہے ۔کبھی مت دیکھنا اس کو ۔انڈیا کے بارے میں ساری غلط باتیں ہوتی ہیں ۔فلم دیکھتے ہوئے اوشا نے جواب دیا ‘‘۔رعنا نے اتنے خشک عنوان کو اتنے خوبصورت پیرائے میں لکھا ہے اس کا مجھے اندازہ نہیں تھا ۔کتاب کافی دلچسپ ہے جسے پڑھ کر جہاں پس پردہ حقائق کا ادراک ہوگا وہیں آپ کو محسوس ہوگا کہ یہ کتاب کسی بہترین ناول نگار کی تصنیف ہے ۔جبکہ یہ موجودہ حالات میں ملک کی حقیقت کی عکاس ہے ۔مترجم محمد ضیاء اللہ ندوی کا کمال ہے کہ انہوں نے ترجمہ کرتے ہوئے اس کی روح کا خیال رکھا جس نے کتاب کو اردو کے قالب میں مزید بہتر انداز عطا کردیا ۔یقینا یہ اردو قاری کیلئے ایک قیمتی تحفہ ثابت ہوگی۔اس کتاب کو جتنا ممکن ہو سکے اردو داں حلقہ تک پہنچائیں تاکہ رعنا ایوب جیسی صحافیہ کی مزید حوصلہ افزائی ہو سکے ۔ممبئی میں کتاب حاصل کرنے کیلئے مکتبہ جامعہ ،محمد علی روڈ نزد بھنڈی بازار میں موبائل نمبر 8108307322 پر رابطہ کرسکتے ہیں ۔

0 comments: