جھوٹ کی دنیا

3:46 PM nehal sagheer 0 Comments

آج صبح کا اخبار اٹھایا ہی تھا کہ اس کی شاہ سرخی نے حیرت زدہ کردیا:"عراق میں دہشت گردی کے فرضی ویڈیو تیار کرنے پر امریکہ نے2007 سے 2011 تک 36 ارب روپے خرچ کیے_"خبر میں بتایا گیا ہے کہ بیورو آف انوسٹگیٹیو جرنلزم نے انکشاف کیا ہے کہ امریکی وزارتِ دفاع کے ہیڈ کوارٹر پینٹاگن نے عراق میں فرضی دہشت گردانہ ویڈیو بنانے کے لیے برطانیہ کی ایک پی آر فرم بیل پوٹنگر کو 540 ملین ڈالر دیے تھے_اس فرم نے القاعدہ اور IS کو بدنام کرنے کے لیے پینٹاگن، سی آئی اے اور نیشنل سیکورٹی کونسل کے ساتھ مل کر کام کیا_خبر میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ بعد میں انٹرنیٹ پر ان ویڈیو کو دیکھنے والوں کو ٹریک کیا جاتا تھا اور فوج جن مشتبہ لوگوں کے گھروں پر ریڈ کرتی تھی، ان میں پہلے سے یہ ویڈیو پلانٹ کردیے جاتے تھے_
ایک زمانے میں القاعدہ اور IS کی دہشت گردی اور خوں خواری کی بڑی وحشت ناک خبریں آتی تھیں_انھیں پڑھ اور سن کر ان سے نفرت ہونے لگتی تھی اور خیال ہوتا تھا کہ یہ کیسے مسلمان ہیں جن میں نام کو بھی انسانیت نہیں ہے اور وہ اسلام کی بڑی بدنامی کا ذریعہ بن رہے ہیں_لیکن اب پتہ چلا کہ یہ تو امریکہ بہادر کی منصوبہ بند سازش تھی_
اسلام میں دھوکہ دہی، جھوٹ اور مکر و فریب کا شمار سنگین جرائم میں کیا گیا ہے_قرآن کریم میں اللہ تعالی کا ارشاد ہے :اجتَنِبُوا قَولَ الزُّورِ (الحج :30) "جھوٹی باتوں سے پرہیز کرو_"اور اہل ایمان کا یہ وصف بیان کیا گیا ہے :وَالَّذِينَ لا یَشھَدُونَ الزُّورَ (الفرقان :72)"(رحمان کے بندے وہ ہیں جو) جھوٹ کے گواہ نہیں بنتے_"اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ و سلم نے بھی "شھادۃ الزور" (جھوٹی گواہی) کو موجبِ ہلاکت چیزوں میں سے شمار کیا ہے_جب کہ مغربی دنیا کا یہ امتیازی وصف بن گیا ہے_
اس وقت سینیر صحافی جناب پرواز رحمانی، چیف ایڈیٹر سہ روزہ دعوت نئی دہلی کے لیے دل سے دعا نکل رہی ہے کہ وہ اپنے مشہور کالم 'خبر و نظر 'میں کافی عرصہ سے مستقل یہ خیال ظاہر کررہے ہیں کہ نام نہاد مسلم دہشت گرد تنظیموں کی جانب جو کارروائیاں منسوب کی جارہی ہیں وہ من گھڑت ہیں اور ان کا حقیقت سے دور کا بھی تعلق نہیں ہے_آج یہ بات خود مغربی ذرائع سے ثابت ہو گئی ہے . 

مولانا رضی الاسلام ندوی

0 comments: