محترم مقبول احمد سیشن 2017 سے 2019 کےلئے امیر جماعت اسلامی بنگلہ دیش منتخب،
محترم مقبول احمد
سیشن 2017 سے 2019 کےلئے
امیر جماعت اسلامی بنگلہ دیش منتخب،
کمال کا حوصلہ امیر محترم!
حجاج بن یوسف کے قبیلے کی عورت سروں کے مینار تعمیر کرنے پر آمادہ ہے اور آپ نے ذمہ داری کا تاج سر بازار سر پر سجانا قبول کر لیا
چنگیز خان اور تیمور لنگ کی یادیں تازہ ہو رہی ہیں اور آپ نے یوں حوصلے سے آگے بڑھ کر گردن پیش کر دی
کیا جان و دل عزیز نہیں ؟
کیا درھم و دینار کاروبار اولاد گھر رشتے ناطے سب بھول گئے آپ؟
اپنے اردگرد نظر تو دوڑا لیتے؟
سب کی نظر میں نظریہ کا دور لد گیا میرے محترم!
اب شرف و عزت کی خون الود پگڑیاں بازاروں میں کوڑیوں کے مول بکتی ہیں اور آپ نے ایسے میں اسے سر پر جما لیا؟
آخر کون لوگ ہیں آپ ؟
رک کیوں نہیں جاتے؟
تھک کیوں نہیں جاتے ؟
باز کیوں نہیں آ جاتے؟
کس مٹی سے تخلیق پایا جذبہ لے کر پیدا ہوئے اور پروان چڑھے ہو؟
بھائی کون استاد تھا تمہارا ؟
جس نے تمہیں فیضان نظر سے بدل کر رکھ دیا
سلام ہے تم پر
ڈیڑھ ڈیڑھ فٹ کی بونی قیادتوں کے دور میں تم پوری قامت کے لوگ ہو
تم اپنے ٹھیک عہد میں ہوتے تو تم "سر -دار "نہ ہوتے "سر دار "ہوتے
مقبول صاحب آپ ہی جیسوں کے لئے کہا گیا ہے کہ
قتل گاہوں سے چن کر ہمارے علم
اور نکلیں گے عشاق کے قافلے
آپ ایسے ہی قافلوں کے قافلہ سالار
اور آپ کا سالار کارواں وہ میر حجاز ، جس کا قافلہ طائف حنین و بدر اور خندق سے گزرا تھا
اب تمہارا قافلہ بھی انہیں گھاٹیوں سے گزر کر میرے نبی محترم کی سنت زندہ کر رہا ہے اور قول و عمل سے شہادت دے چکنے کے بعد اب خون سے شہادت دے رہا ہے کہ
ہر سننے والا سن لے
ہر ناواقف جان لے کہ
نحن الذین بایعو ا محمدا
علی الجہاد ما بقینا ابدا
ہم خون کے آخری قطرے اور زندگی کے آخری لمحے تک کارزار حیات میں جد و جہد کی علامت بن کر رہنے پر محمد ص کے ساتھ بیعت کر چکے ہیں
اور تم ہمیں کیا مارو گے ہم تو نعرے لگاتے ہیں کہ
اللھم لا عیش الا عیش الاخرہ
اے اللہ زندگی تو ہے ہی بس آخرت کی زندگی۔۔۔۔
خود کلامی ۔۔۔زبیر منصوری
0 comments: